اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ اور بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران 13 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، باجوڑ اور بنوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 13 خوارج کی ہلاکت سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشتگرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں قوم کے عزم اور ریاست کی مضبوط پالیسی کا مظہر ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نےدہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشتگردی کے خلاف جاری مہم پاکستان کے روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، دشمن کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم متحد اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سردار ایاز صادق نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔








