سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 سال مکمل ہونے پر مسلح افواج کو خراج تحسین

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 سال مکمل ہونے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افواج نے وطن عزیز کے دفاع کیلئے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں،27 فروری 2019ء کو مسلح افواج نے ثابت کیا کہ وہ اپنی سرحدوں کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

جمعرات کو اپنے بیان میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں پاکستانی ایئر فورس نے اپنی عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی دراندازی کا منہ توڑ جواب دیا،پاک افواج کے بہادر جوان ملک کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں.

پاکستانی قوم کو اپنی بہادر اور با صلاحیت پاک افواج پر فخر ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے مسلح افواج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،پوری قوم ملک کے دفاع کیلئے اپنی پاک افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔