سپریم کورٹ

سپریم کورٹ کے حکم پر 15ارب روپے کی جائیداد واگزار کروالی گئی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ کے حکم پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 15ارب روپے کی جائیداد واگزار کروالی، محکمے کے 21ملازمین، 4سرکاری حکام اور 81نجی افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں،

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے متروکہ املاک بورڈ کی 15 ارب روپے کی جائیداد واگزار کروالی،ایف آئی اے نے متروکہ جائیداد کے کرائے کی مد میں 29کروڑ 60لاکھ روپے بھی ریکور کرلیے،ڈی جی ایف آئی اے ثنا اللہ عباسی نے پیش رفت رپورٹ عدالت عظمی میں جمع کروا دی،

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 15ارب 73 کروڑ کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے کے خلاف کارروائی کی گئی،رپورٹ کے مطابق 15ارب 2 کروڑ 87 لاکھ کی جائیداد غیر قانونی قبضے سے واگزار کروائی گئی، متروکہ جائیدادوں کے کرایے کی مد میں 29کروڑ 60لاکھ روپے ریکور کیے گئے،

رپورٹ میں کہا گیا کہ غیر قانونی قبضے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر 197انکوائریز جاری ہیں، متروکہ املاک کے 21ملازمین، 4سرکاری حکام اور 81نجی افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں،عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ عدالتی حکم اور آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی جاری ہے۔