سی سی پی او لاہور 148

سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کر دیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کر تے ہوئے سروس ٹربیونل کے خصوصی بنچ کے فیصلے کیخلاف غلام محمود کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا ، عدالت عظمیٰ کے آرڈرکے بعد عمران خان پر قاتلانہ حملہ کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی فعال ہوگئی ۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ غلام محمود ڈوگر کو فیڈرل سروس ٹربیونل نے بحال کیا تھا تاہم سروس ٹربیونل کے ہی دو رکنی بنچ نے بحالی کا فیصلہ معطل کر دیا۔ٹربیونل کے دو رکنی بنچ کا فیصلہ دوسرا دو رکنی بنچ معطل نہیں کر سکتا ہے، حکومت کی نظرثانی درخواست بھی ٹربیونل میں زیرالتواء تھی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ٹربیونل کا ایک بنچ دوسرے بنچ کا فیصلہ کیسے معطل کر سکتا ہے؟ خصوصی بنچ نے ایک جانب کہا کہ درخواست قبل ازوقت ہے ساتھ ہی حکم معطل کر دیا۔

جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کیسے کہہ دیا کہ آئینی درخواست قابل سماعت نہیں؟ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ صوبائی حکومت سی سی پی او کو ریلیز نہیں کرنا چاہ رہی تھی،عدالت نے مزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں