سپرلیگ

سپرلیگ ،کوالیفائر میچ میں دفاعی چمپئن لاہورقلندرزکویکطرفہ مقابلے کے بعد 84رنزسے شکست

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان سپرلیگ سیزن 8 کے کوالیفائر میچ میںملتان سلطانزنے دفاعی چمپئن لاہورقلندرزکویکطرفہ مقابلے کے بعد 84رنزسے شکست دے کرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،ملتان سلطانز نے مقررہ20اووروں میں5وکٹوں کے نقصان پر160رنزبنائے جبکہ لاہور قلندر کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں76رنز پر ڈھیر ہو گئی،کیرون پولارڈ میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمدرضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیااورمقررہ20اووروں میں5وکٹوں کے نقصان پر160رنزبنائے۔ ملتان سلطانزکی جانب سے محمدرضوان اورعثمان خان نے اننگزکاآغازکیا دونوں اوپنرزنے محتاط اندازمیں بیٹنگ کی اورپہلی وکٹ کی شراکت میں53رنزبنائے ۔

پہلے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین عثمان خان تھے وہ 29رنزبناکرحارث رئوف کی گیندپربولڈہوئے۔کیرون پولارڈ57، محمدرضوان33،ٹم ڈیوڈ22اورریلی روسو13رنزبناکرنمایاں بیٹسمین رہے۔لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رئوف نے 3 وکٹیں لیں جبکہ راشد خان اور زمان خان نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔161رنزکے ہدف کے حصول کے لئے بعدمیں بیٹنگ کرتے ہوئے لاہورقلندرزکی پوری ٹیم 76رنزپرآئوٹ ہوگئی۔

ملتان سلطانز کے نوجوان بولنگ اٹیک کے سامنے قلندرز کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ لاہور قلندرز کا کوئی کھلاڑی 20 کے ہندسے کو بھی نہ چھو سکا۔ سیم بلنگز 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ حارث رئوف نے 15 اور ڈیوڈ ویسا نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شیڈلن کوٹریل نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، اسامہ میر نے دو جبکہ انور علی، احسان اللہ، عباس آفریدی اور کیرون پولارڈ نے ایک ایک وکٹ لی۔