سندھ ہائیکورٹ 75

سندھ ہائی کورٹ نے ایس بی سی اے کے رولز مرتب نہ کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی( ایس بی سی اے )کے رولز مرتب نہ کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیاہے۔

جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں ایس بی سی اے کے رولز مرتب نہ کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں جب کیس کی سماعت مقرر تھی تو فوری سماعت کی درخواست کیوں دائر کی گئی۔ درخواست گزار کے وکیل طارق منصور ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ یہ انتہائی اہم نوعیت کا معاملہ ہے، گل پلازہ کا واقعہ سب کے سامنے ہے۔

آج تک جواب جمع نہیں کروایا گیا۔ ایس بی سی اے کو ریگولیشنز کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ بتائیں رولز ایکٹ میں بنتے ہیں یا ترمیم میں۔ عدالت کو سمجھائیں کہ آرڈیننس میں رولز کیسے بن سکتے ہیں۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کو رولز بنانے کا کہا گیا تو کیوں نہیں بنا رہے۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ریگولیشنز بن گئے ہیں، درخواست گزار بتائیں کہ ان پر کس بات کا اعتراض ہے۔ جس رول یا ریگولیشن پر اعتراض ہے، اس کے متعلق درخواست دائر کی جائے۔

طارق منصور ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آرڈیننس 1979 میں آیا۔ آرڈیننس آنے کے بعد سے اب تک ایس بی سی اے کے رولز مرتب نہیں ہوئے۔ ایس بی سی اے کو اراضی کو رہائشی سے کمرشل کرنے کا بھی اختیار نہیں۔ ایس بی سی اے کی موجودہ پریکٹس غیر قانونی ہے۔بعدازاں عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں