سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائی کورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ میرپور بٹھورو سے لاپتا شہری سید زبیر شاہ واپس گھر آگئے۔

عدالت نے شہری کی واپسی پر درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے لاپتا شہری محمد یونس کی بازیابی سے متعلق درخواست پر تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ نے لاپتا شہری کے پاسپورٹ سے متعلق تفصیلات حاصل کرلیں۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ہم نے نادرا کو پاسپورٹ سے متعلق تفصیلات کیلئے خط لکھا ہے۔

پاسپورٹ کیلئے نادرا کو خط لکھنے پر عدالت نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ نے پاسپورٹ کیلئے نادرا کو خط کیوں لکھا۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی سے استفسار کیا کہ پاسپورٹ کون جاری کرتا ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ پاسپورٹ ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ ایمیگریشن کے ماتحت ہیں۔

ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو اگر خط لکھیں گے تو تفصیلات فراہم ہوں گی۔ عدالت نے تفتیشی افسر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ نے ایمیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے بجائے نادرا کو خط کیوں لکھا۔ مطلب مرغے سے پوچھیں کہ بتا تم نے انڈہ دیا ہے کہ نہیں۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس میں کہا کہ یہ ہے تفتیشی افسران کی صلاحیت۔ پتہ نہیں کس کس کیس کی تفتیش کرتے ہوں گے۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ میں عدالت سے معذرت خواہ ہوں، اب متعلقہ حکام کو خط لکھوں گا۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ نے عدالت کا وقت پھر کیوں ضائع کیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر لاپتا شہری یونس کی پاسپورٹ کی تفصیلات سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ محمد یونس تھانہ منگھوپیر کی حدود سے لاپتا ہوئے ہیں۔

عدالت نے لاپتا شہری عمر صدیق کی مالی معاونت سے متعلق محکمہ داخلہ کے سیکشن افسر کو طلب کر لیا۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ میں نے لاپتا شہری کی اکانٹس کی تفصیلات سیکشن افسر کو فراہم کردی تھیں۔ فوکل پرسن محکمہ داخلہ نے کہا کہ ہمیں ابھی تک کوئی تفصیلات فراہم نہیں ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ 3 ماہ قبل بزریعہ واٹس ایپ تفصیلات فراہم کردی تھیں۔

عدالت نے گلشن معمار سے لاپتا شہری عمر فاروق سے متعلق جی آئی ٹی رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس نے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ محمد یونس تھانہ منگھوپیر کی حدود سے لاپتا ہیں۔ عمر صدیق، سید ذولفقار شاہراہِ فیصل تھانے کی حدود سے لاپتا ہوئے۔ محمد اسماعیل اور محمد فاروق تھانہ گلشن معمار کی حدود سے لاپتا ہوئے۔ عدالت نے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواستوں کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی۔