سندھ ہائیکورٹ 64

سندھ ہائیکورٹ نے ٹھٹھہ کے گوٹھ عمر کاتیار میں لائم اسٹون (چونا)نکالنے کیخلاف درخواست پرڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے ٹھٹھہ کے گوٹھ عمر کاتیار میں لائم اسٹون (چونا)نکالنے کیخلاف درخواست پرڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

منگل کو سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں ٹھٹھہ کے گوٹھ عمر کاتیار میں لائم اسٹون (چونا)نکالنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالتی حکم کے باوجود وہاں سے ریتی، بجری اور چونا نکالا جارہا ہے۔

انسانی آبادی کے قریب سے لائم اسٹون نکالنا جرم ہے۔ عدالت نے وکیل ٹھیکیدار سے استفسار کیا کہ آپ سرکاری زمین سے ریتی اور بجری اٹھا رہے ہو، اتنی مائننگ کریں گے تو سمندر اندر گھس آئے گا۔ ٹھیکیدار کے وکیل نے موقف دیا کہ ڈپٹی کمشنر نے ہمیں لائم اسٹون نکالنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ ہمارے پاس 2033 تک مائننگ کا لائسنس موجود ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں،

لائم اسٹون کی مائننگ کے دوران کون سی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں؟ ٹھیکدار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ہم نے سیپا کے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کیا ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے گزشتہ سال مائننگ سے روکا تھا۔ لیکن عدالتی فیصلے کے باوجود مائننگ جاری ہے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 3 فروری تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں