سندھ ہائیکورٹ 22

سندھ ہائیکورٹ نے نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ جاری نا کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ جاری نا کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت پرریمارکس دیئے ہیںکہ نادرا کے نمائندے کو صورت حال کی وضاحت کیلیے طلب کیا جائے، دستاویزات موجود ہیں، ان پر کوئی اعتراض بھی نہیں، نادرا والے چاہتے کیا ہیں۔

پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ جاری نا کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ درخواستگزار کی پیش کردہ دستاویزات کے باوجود نادرا نے مختلف جواب دیئے۔ شناختی کارڈ کی درخواست دینے والے ابو البشر کے پاس پاکستانی ہونے کا کوئی ثبوت نہیں۔ نادرا نے انہیں شناخت کی تصدیق کیلیے متعلقہ ایجنسی بھیجا تھا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کی فائل میں پیدائشی سرٹیفکیٹ کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ بھی منسلک ہے۔

جن کے پاس کچھ نہیں ہوتا انہیں شناختی کارڈ جاری کردیئے جاتے ہیں۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ مجھے نادرا نے جو کمنٹس بھیجے ہیں اس کے مطابق درخواست گزار کے پاس کوئی پاکستانی دستاویز نہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نادرا کے نمائندے کو صورت حال کی وضاحت کیلیے طلب کیا جائے۔ دستاویزات موجود ہیں، ان پر کوئی اعتراض بھی نہیں، نادرا والے چاہتے کیا ہیں۔ آئندہ سماعت 29ستمبر کو نادرا کے ایسے افسر کو بلائیں جسے کیس سے واقفیت ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں