سندھ ہائیکورٹ 68

سندھ ہائیکورٹ ،لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواست پراورنگی ٹائون تھانے کی حدود سے لاپتا شہری کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرانے کی ہدایت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواست پراورنگی ٹائون تھانے کی حدود سے لاپتا شہری کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرانے کی ہدایت کردی۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میںلاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے اورنگی ٹائون تھانے کی حدود سے لاپتا شہری کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرانے کی ہدایت کردی۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ درخواستگزار نے ابھی تک مقدمہ درج نہیں کرایا۔درخواستگزاد کے وکیل نے موقف دیا کہ ہم نے انہیں تمام تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اہلکار اٹھا کر لے گئے ہیں۔ عدالت نے درخواستگزار سے استفسار کیا کہ آپ مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں یا نہیں؟ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ یہ آج ہی تھانے جا کر مقدمہ درج کرایا جائے گا۔

سچل سے لاپتا شہری محمد یوسف کے وکیل اور درخواستگزار پیش نہ ہو سکے۔گبول ٹائون سے لاپتا شہری شمس کے اہلِخانہ اور وکلا بھی عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ملیر سے لاپتا شہری عمران جیل میں ہے۔ قائد آباد سے لاپتا شہری نجیب اللہ بھی جیل میں ہے۔ عدالت نے دونوں لاپتا شہریوں کی گمشدگی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔عدالت نے لاپتا شہری بشیر احمد کی بازیابی سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 12 فروری تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں