ترجمان حکومت پنجاب

سندھ کرشنگ سیزن میں تاخیر کرکے چینی کا مصنوعی بحران پیدا کررہا ہے’ترجمان حکومت پنجاب

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے، سپلائی کی قلت نہیں ، اس سال کرشنگ سیزن میں تاخیر کر کے سندھ مصنوعی بحران پیدا کررہا ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ مارکیٹ میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے، سپلائی کی قلت نہیں ، مارکیٹ میں درآمد شدہ چینی 90 روپے کلو کے حساب سے مل رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے ایک لاکھ دس ہزار ٹن چینی لفٹ کر لی ہے، 52 ہزار ٹن چینی فروخت ہو چکی ہے،30ہزارٹن اسٹاک میں موجود ہے اور 23ہزارٹن چینی کراچی سے آ رہی ہے جبکہ 34 ہزارٹن لنگر اندازبحری جہازوں میں موجود ہے۔حسان خاور نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 30 اورپرائیویٹ اسٹاک40سے 50ہزار ٹن تک ہے، کرشنگ سیزن شروع ہونے تک چینی کا اسٹاک ضروریات کے لیے کافی ہے، وفاق اور حکومت پنجاب چینی پر پانچ ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ مقامی چینی کی گراں فروشی پر حکومت سخت ایکشن لے رہی ہے، پہلے گراں فروشی پر حکومت شوگر ملوں کا سٹاک اٹھا لیتی تھی، اب یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باعث ایسا نہیں کیا جا سکتا۔ترجمان حکومت حسان خاور نے مزید کہا کہ حکومت ڈیلرز اور بروکرز کے خلاف بھرپور ایکشن لے رہی ہے، کچھ ملوں کو ریکارڈ مہیا نہ کرنے پر سیل بھی کیا جا چکا ہے، اس سال کرشنگ سیزن لیٹ کر کے سندھ مصنوعی بحران پیدا کررہاہے