مراد علی شاہ 41

سندھ نے 30 سال میں کافی ترقی کرلی، لوگ ملک سے باہر نہ جائیں، مراد علی شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 30 برس میں ہم نے کافی ترقی کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے صوبے کے اہل لوگ ملک سے باہر نہ جائیں۔

مقامی ہوٹل میں سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سیمینار سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سندھ نے کافی کام کیے ہیں، ہم صحت کے شعبے کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ ہائر ایجوکیشن کے ساتھ تعاون کر رہی ہے، بہت ضروری ہے کہ انڈسٹری اکیڈمیا ریسرچ کو ملایا جائے، دنیا بھر میں انڈسٹری کی ڈیمانڈ پر کام ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اہل لوگ ملک سے باہر جا کر کام کرنا چاہتے ہیں، ہم اپنے لوگوں کو ملک میں وہی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں جو انہیں باہر ملتی ہیں، حکومت سندھ بہتر تعلیم اور بہتر صحت کی سہولیات بڑھانا چاہتی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انڈس اسپتال کے ساتھ ہماری پارٹنرشپ ہے، ان کی محنت ہے جہاں بھی سپورٹ کی ضرورت پڑتی ہے سپورٹ کرتے ہیں، جناح اسپتال ایک مثال ہے جو گزشتہ 10 سال میں بہت بڑا اسپتال بن گیا، جناح اسپتال کو 15 ملین ڈالرز دینے کی منظوری دی گئی ہے، یہ 35 ملین ڈالر کا منصوبہ ہے جس سے ایمرجنسی ٹاور بنے گا۔قبل ازیں وزیراعلی سندھ کی آمد پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیس طارق رفیع، ڈاکٹر سروش لودھی، سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن معین خان اور دیگر نے انکا استقبال کیا۔دریں اثنا میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ نے کہا کہ احتجاج اور سڑکیں بند کرکے عوام کو تنگ کرنا مناسب نہیں، میرے والد بھی وکیل تھے وکلا کا احترام کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو ستائیسویں آئینی ترمیم سے مسئلہ ہے تو عدالت جا سکتا ہے، قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے، آئینی عدالتیں بنانا وکلا کا مطالبہ تھا جسے پارلیمنٹ نے پورا کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ہم کم پیسوں سے زیادہ منصوبے بنا رہے ہیں، سندھ حکومت کا سب سے بہترین کام پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے منصوبے ہیں۔انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کا 4 دسمبر کو اجلاس ہے ایجنڈا ابھی تک نہیں ملا ، بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کا مسودہ میرے سامنے نہیں آیا، جو ترامیم ہوں گی تمام جماعتوں کی مشاورت سے ہوں گی، بلاول بھٹو نے چھبیسویں اور ستائیسویں ترمیم میں سب کو آن بورڈ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں