فواد چوہدری 120

سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی گرفتار ی صرف سیاسی انتقام ہے ، فواد چوہدری

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی گرفتار ی صرف سیاسی انتقام ہے ، پی ٹی آئی اس فسطاعیت کی مذمت کرتی ہے ،انہیں فی الفور رہا کیا جائے ، سندھ میں فاشزم کی حکومت کی جارہی ہے ،حلیم عادل شیخ کو دسویں بار جیل میں ڈالا گیا جس کا انہوں نے بہادر ی سے مقابلہ کیا، امید ہے کہ اس کا سندھ ہائی کورٹ نوٹس لے گی، سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں وزیراعظم شہبازشریف اور بلاول بھٹو نے سیلاب میں پھنسے متاثرین کے لئے ایک لفظ نہیں کہا ۔

بلاول بھٹو بارہ بارہ دن دفتر خارجہ نہیں جاتے ۔ دفتر خارجہ کو غیر قانونی شخص طارق فاطمی چلا رہا ہے جس نے گزشتہ دنوں امریکہ جا کر لابی کی ۔کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو دورہ امریکہ کی دعوت دی ہے جو ناکام رہا ہمارے دور حکومت میں دفتر خارجہ بہت متحرک تھا ۔ جو اسلاموفوبیا کے خلاف بات کررہا تھا ۔ ہمارے وقت میں دفتر خارجہ میں اقوام متحدہ میں پیارے نبی کی شان کو اہمیت دینے میں انتہائی اہم کردار اداکیا ۔ ہمارے دور میں دو اوآئی سی اجلاس منعقد ہوئے ، لیکن بلاول بھٹو کن خیالات میں گم ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور شہبازشریف عدلیہ کے خلاف مہم میں لگے ہوئے ہیں۔ اسی عدلیہ نے جب سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف رولنگ دی تو اس وقت مٹھائیاں بانٹی گئیں اب ڈپٹی سپیکر کے خلاف رولنگ دی تو عدلیہ کی کردار کشی کی جارہی ہے ،اگر حکومت اپنے کام پر توجہ دے توروپے کے مقابلے میں ڈالر 62مہنگا نہ ہوتا ۔ ملک میں انتظامی مہنگائی اور بدامنی کا بحران ہے ، باقی پورا پاکستان جل رہا ہے ۔ ڈالر اوپر جارہا ہے ،سٹاک مارکیٹ نیچی جارہی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حمزہ شہباز حکومت نے گندم کی خریداری نہیں کی جس کی وجہ سے نومبر دسمبر میں گندم اور آٹے میں شدید بحران ہوگا ۔ ہم چاہتے ہیںکہ فی الفور انتخابات کرائیں ،ہم حکومت سے کہتے ہیں کہ الیکشن کی ڈیٹ دیں ورنہ حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں