اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز منگل کو عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز پاکستان واپس پہنچ گئے ۔
سلیمان شہباز سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 726 سے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے، سلیمان شہباز 13 دسمبر کو عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے۔ یاد رہے کہ سلیمان شہباز نے پاکستان پہنچنے پر اپنے خلاف قائم مقدمات میں ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے لیے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے)کو ہدایت کی تھی انھیں پاکستان آمد پر گرفتار نہ کیا جائے، عدالت نے سلیمان شہباز کو عدالت کے سامنے 13 دسمبر تک سرنڈر کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔