لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سابق کرکٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ سلمان آغا خود غرض کپتان نہیں پہلے ٹیم کا سوچتا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد نے کہا کہ بہترین ٹیم بنانے کیلئے کپتان کا بے لوث ہونا ضروری ہے، ٹی 20 کے موجودہ کھلاڑیوں میں بھرپور صلاحیتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کپتان سلمان اور کوچ کی سوچ بہت اچھی ہے، کنڈیشن دیکھ کر فیصلے ہوں تو مزید بہتری آئے گی۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کامیابی کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے ٹرافی خود وصول کرنے کے بجائے سفیان مقیم کو بھیج دیا تھا۔ٹی 20 کپتان کے اس اقدام کی بدولت انہیں کرکٹ شائقین کی جانب سے خوب سراہا گیا تھا۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں 2ـ1 سے کامیابی حاصل کی اور آخری ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دی۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 8 اگست سے ہوگا، دوسرا میچ 10 اور تیسرا اور آخری میچ 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔









