ریاض (رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب کے نئے مفتیِ اعظم مملکت اور صدرِ اعلیٰ برائے دارالافتاء و تحقیقِ علمی، شیخ ڈاکٹر صالح الفوزان نے ریاض میں واقع صدر دفتر میں علمائے کرام اور کبار العلماء کے ادارے کے ارکان سے ملاقات کی۔
عرب میڈیا کے مطابق علمائے کرام نے شیخ صالح الفوزان کو مملکتِ سعودی عرب کا مفتیِ اعظم اور کبار العلماء کونسل و دارالافتاء کا سربراہ مقرر کیے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر الفوزان کے گہرے علمی رسوخ اور دینی علوم کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔اس موقع پر ڈاکٹر صالح الفوزان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں دینِ اسلام اور مملکتِ سعودی عرب جیسی عظیم نعمتوں سے نوازا ہے جو قرآنِ کریم اور سنتِ رسول ۖ کی بنیاد پر اپنے نظام کو استوار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو حرمین شریفین کی خدمت کا شرف حاصل ہے اور ہمارے حکمران اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے عظیم کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہدِ مملکت کو بہترین جزا عطا فرمائے اور وطنِ عزیز سمیت تمام مسلم ممالک کی حفاظت فرمائے۔مفتیِ اعظم نے کبار العلماء کونسل کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اپنے منصبی دائرے میں رہتے ہوئے سرکاری اور عوامی سطح پر موصول ہونے والے شرعی و فقہی استفسارات کے جوابات دینے کے کام کو اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گا۔









