ریاض(رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب کے مختلف مقامات سے ایک ہفتے میں 19 ہزار غیرقانونی تارکین گرفتار کر لئے گئے۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے مملکت کے مختلف علاقوں سے 19 ہزار 800 غیرقانونی تارکین کو حراست میں لیا ۔گرفتار کیے جانے والے غیرملکیوں میں 12 ہزار 400 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے جبکہ 4 ہزار 800 کو سرحدی قوانین اور 2500 کو محنت قوانین کی خلاف ورزی پرحراست میں لیا گیا۔
سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں میں 45 فیصد یمنی ، 53 فیصد ایتھویپی اور 2 فیصد دیگر قومیتوں کے افراد شامل تھے۔سعودی عرب کی سرحد غیرقانونی طورپر عبورکرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے پر48 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ غیرقانونی افراد کو نقل وحمل اور روزگار کی سہولت فراہم کرنے پر 9 افراد کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا۔وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 17 ہزار غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کی کارروائی مکمل کر لی جن میں سے 15 ہزار مرد اور باقی خواتین شامل ہیں۔ 4 ہزار 200 غیرقانونی تارکین کے کیسز ان کے ملکوں کے سفارتخانوں کو ارسال کیے گئے ہیں تاکہ ان کی سفری دستاویزات مکمل کرنے کے بعد انہیں روانہ کیا جاسکے۔