مکو آ نہ (رپورٹنگ آن لائن)محکمہ سکول ایجوکیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے سرکاری سکولوں میں 14 ہزار سے زائد اساتذہ ایسے ہیں جو صرف میٹرک پاس ہیں، جس پر تعلیمی حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی اساتذہ میں 60 فیصد مرد جبکہ 40 فیصد خواتین اساتذہ سرکاری سکولوں میں تدریسی خدمات انجام دے رہی ہیں۔اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ 752 اساتذہ پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر ہیں جبکہ 9 ہزار سے زائد اساتذہ ایف اے اور ایف ایس سی کی تعلیمی سند رکھتے ہیں۔
اسی طرح 40 ہزار سے زائد اساتذہ ایم فل ڈگری کے حامل ہیں، 62 ہزار اساتذہ بی اے یا بی ایس ای کی اہلیت رکھتے ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد اساتذہ ماسٹرز ڈگری کے ساتھ تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق یہ ڈیٹا تعلیمی پالیسی سازی، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔ تاہم کم تعلیمی اہلیت رکھنے والے اساتذہ کی بڑی تعداد پر ماہرین تعلیم نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور اہلیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے









