اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے حملوں کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے 15 جوانوں اور 18 معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں سردار ایاز صادق نے دہشتگردوں کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 163 سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں اور فورسز پر حملے کرنے والے شرپسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشتگرد امن اور انسانیت کے دشمن ہیں انکا کوئی مذہب نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی،شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں قابل ستائش ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ دو روزہ آپریشن میں 163 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنا فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کارروائیاں جاری رکھے گی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ قوم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے،دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہی۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔









