جیکب آباد (رپورٹنگ آن لائن) سحر و افطار میں تلی ہوئی اشیاء کے استعمال سے معدے کی بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں عوام کی جانب سے سحر و افطار میں سموسے، پکوڑے، چکن رول، مصالحے دار چاٹ سمیت دیگر تلی ہوئی اشیاء کے زیادہ استعمال سے معدے کی بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا ہے جس کی وہ سے سرکاری و پرائیوٹ اسپتالوں میں مریضوں کا رش لگا ہوا ہے، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر اے جی انصاری کے مطابق رمضان المبارک میں تلی ہوئی اشیاء کے زیادہ استعمال سے معدے کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں،
انہوں نے بتایا کہ خصوصاً افطار کے وقت عوام تلی ہوئی چیزوں کا زیادہ استعمال کررہے ہیں جبکہ شہر بھر میں غیر معیاری تیل میں سموسے، پکوڑے تیار کئے جاتے ہیں جن کے استعمال سے مختلف بیماریاں پیدا ہورہی ہیں اور شہریوں کی بڑی تعداد اسپتالوں کا رخ کئے ہوئے ہے، ڈاکٹر کے مطابق عوام تلی ہوئی اشیاء کے بجائے پھلوں اور دہی کا استعمال لازمی کریں اور کھانے میں اعتدال سے کام لیں۔