مسرت جمشید چیمہ

سبزیوں ،اجناس کی قیمتوں میں کمی کیلئے سپلائی چین پر توجہ مرکوز کی جائے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت سپلائی چین پر توجہ مرکوز کر کے سبزیوں اور اجناس کی قیمتوں میں کمی کر سکتی ہے ،آئندہ سیزن میں گندم کی پیداوار کے حوالے سے ابھی سے پیش بندی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو کسی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت نے گندم کا پیداواری ہدف 2 کروڑ 96 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن تجویز کیا ہے جبکہ گزشتہ سال یہ 3 کروڑ 35 لاکھ 80 ہزار ٹن تھا۔ کسان کو اس کی فصل کی اچھی قیمت ملے گی تو وہ خوش دلی سے گندم کی کاشت کرے گا ۔ ہم قیمتی زر مبادلہ کے ذخائر جو گندم اور دیگر مصنوعات کی درآمد پر خرچ کرتے ہیں اسے اگر اپنے کسان کو بہتر امدادی قیمت کی صورت میں دیا جائے تو اس سے ہمار ی معیشت بھی ترقی کرے گی ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سرکاری محکموں کی خالی اراضی اور فارمز پر سبزیوں کی کاشت کا منصوبہ لایا جائے اورتیاری کے بعد حکومت اسے براہ راست منڈی تک پہنچائے تاکہ عوام کو سبزیوں کی سستے داموں دستیابی ممکن ہو سکے ۔ اسی طرح موٹر ویزاور دیگر خالی جگہوں پر پھلدار پودے لگائے جائیں اور ان کے پھل ان طبقات کے لئے ہونے چاہئیں جو وسائل نہیں رکھتے ۔