کامران ٹیسوری 56

سانحہ گل پلازہ پرسیاست اور بلیم گیم اور سازشیں ہورہی ہیں، واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں،گورنرسندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ پر ایک ہفتہ بعد بھی سیاست اور بلیم گیم ہورہا ہے، سازشیں ہورہی ہیں، واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔

گورنر ہاس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کہا کہ قابل افسوس بات ہے کہ لواحقین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے سیاسی بیانات دے کر نمک چھڑکا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کی فیملیز موجود ہیں لواحقین کی آہیں اور سسکیاں رک نہیں رہی، یہ فیملیز سوال کررہی ہیں کہ کیا ہوا؟ کیوں ہوا؟ کسی نے روکا کیوں نہیں؟

لوگ پوچھ رہے ہیں کہ اس کا ذمہ دار کون ہے؟انہوں نے بتایا کہ ہم بولیں گے تو میسج آئے گا کہ آپ نہیں بولیں آپ کا اختیار نہیں، آپ کی کرسی ہل جائے گی، سن لو میں کمزور نہیں جو تمہارے ڈرانے یا دھمکانے سے رک جائوں گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھ کر مطالبہ کروں گا کہ اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔انہوں نے کہاکہ ٹیکس بھی دیں، جانیں بھی دین اور پھر تمھاری دھمکیاں بھی سہیں یہ نہیں چلے گا، میں نے تو فیصلہ کرلیا ہے،

اب عوام کو فیصلہ کرنا ہے، یہ نہیں ہوگا کہ نہ انصاف دیں گے، نہ زخموں پر مرہم رکھیں گے، خدارا لواحقین کی بد دعائوں سے ڈریں۔گورنر سندھ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اپیل کی کہ آپ حافظ قرآن ہیں، اللہ نے آپ کو وہ عزت دی ہے جس کی دنیا تعریف کررہی ہے، کراچی منتظر ہے، آپ بھی دیکھیں، تعین کریں کہ اس کا ذمہ دار کون ہے؟کامران ٹیسوری نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ پر بلیم گیم کرکے سیاست کی جارہی ہے جو نہیں ہونی چاہیے، بے حسی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے کسی کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی، لواحقین کو گلے لگائیں،

میرے پاس آنے والوں نے پیسہ نہیں اپنے پیاروں کی لاشیں مانگیں۔گورنرسندھ نے اعلان کیا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو ایک ایک پلاٹ دیں گے، فائر فائٹر فرقان کا گھر بنا کر دیں گے، میڈیا اور دنیا نے دیکھا کہ آگ بجھائی نہیں گئی خود بجھ گئی۔ انہوں نے کہا کراچی معاشی حب اور خوشیاں بانٹنے والا شہر ہے، لوگ گھر سے باہر نکلتے ہوئے ڈر رہے ہیں، شہر جل رہا ہے ،لوگ غریب ہوگئے ہیں، خدا کا خوف کرو، اس شہر کو سب نے کھالیا ہے،اب بس کرو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں