مردان(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر ، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ گزشتہ سال دفاعی لحاظ سے پاکستان کے لئے بہت اچھا اور تاریخی سال رہا، پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا، وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم صرف ایک لیپ ٹاپ نہیں بلکہ یہ اپنے نوجوانوں کو ہنر، تعلیم اور روزگار فراہم کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے طلبہ میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج میں پاکستان کے مستقبل یعنی یوتھ سے مخاطب ہوں، نئے سال پر آپ سمیت پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دفاعی لحاظ سے پاکستان کے لئے بہت اچھا اور تاریخی سال رہا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر قیادت اور وزیراعظم شہباز کی سربراہی میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا، اس کامیابی نے ہمارے ملک اور قوم کا سر پوری دنیا میں سربلند کیا، پوری دنیا میں پاکستانیوں کی عزت میں اضافہ ہوا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلیل مدت میں ملک کو اندھیروں اور دیوالیہ پن سے نکال کر اپنے پائوں پر ایک بار پھر کھڑا کردیا ہے، ہماری حکومت آنے سے قبل مہنگائی چالیس فیصد تک پہنچ گئی تھی، شہباز شریف کی دن رات محنت کی وجہ سے مہنگائی چالیس فیصد سے کم ہوکر چار فیصد پر آگئی، ان شاءاللہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں یہ مہنگائی منفی تک آئے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم صرف ایک لیپ ٹاپ نہیں بلکہ یہ اپنے نوجوانوں کو ہنر، تعلیم اور روزگار فراہم کرنا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا جذبہ نوجوانوں کو بااختیار اور باوقار بنانا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سوچ اور ویژن طلبہ اور یوتھ کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پنجاب کی طرح خیبرپختونخوا کے بچوں اور نوجوانوں کے لئے دانش سکول کی طرح اعلی تعلیم کے مواقع ہونے چاہیئں، خیبر پختونخوا کے عوام دہشتگردی سے بہت متاثر ہوئے ہیں ان کے لئے تعلیم اور روزگار کے مواقع ہونے چاہیئں، صوبائی حکومت کو بھی نوجوانوں پر انوسٹمنٹ کرنی چاہیئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں لیپ ٹاپ سکیم کو بند کیا گیا، لیپ ٹاپ نوجوانوں کی ضرورت اور وقت کا تقاضا ہے مگر بدقسمتی سے گزشتہ حکومت نے اس کو بند کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اس سال وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت عبدالولی خان یونیورسٹی کے 900 طلبہ کو میرٹ کے تحت لیپ ٹاپ فراہم کریں گے، خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلی امیر حیدر خان ہوتی کو داد دیتا ہوں کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں مردان میں ایسی بہترین یونیورسٹی بنائی جو آج صوبے کے نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں،
وفاقی حکومت نے عبدالولی خان یونیورسٹی کی ہر دور میں مدد کی، وفاقی حکومت عبدالولی خان یونیورسٹی کی بھرپور مدد اور تعاون مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت تنقید کررہی ہے کہ امیر مقام کا یونیورسٹیوں میں کیا کام ہے، میں وفاق کی جانب سے یہاں کے طلبہ کو لیپ ٹاپ دے رہا ہوں، صوبائی حکومت بھی ہمت کرے اور طلبہ کو لیپ ٹاپ دیں، نوجوانوں کو ہنر، تعلیم اور روزگار دلاکر ان کو بااختیار بنائیں، نوجوانوں کو ورغلا کر اداروں کے خلاف کرنے سے کیا ملک کی خدمت ہوتی ہے؟۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاک افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست سے دوچار کرکے ہمارا سر فخر سے بلند کیا، ہمارے اباواجداد نے ریفرنڈم کے ذریعے اس صوبے کو پاکستان میں شامل کیا ،ہمارے بزرگوں نے خون کا نذرانہ دیکر اس ملک کی آبیاری کی، اس صوبے کے عوام اور نوجوان پاکستان کیساتھ تھے، ہیں اور مستقبل میں بھی اپنے خون کے نذرانے کیساتھ اس ملک کیساتھ کھڑے رہیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے مسلح افواجِ پاکستان کی جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ وفاقی وزیر نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ اس سہولت کو تحقیق، جدت اور پاکستان کی ترقی کےلیے بروئے کار لائیں اور دعا کی کہ نیا سال پاکستان کے لیے امن، اتحاد اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔
قبل ازیں عبدالولی خان یونیورسٹی پہنچنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد، فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا پرتپاک استقبال کیا۔ وائس چانسلر کے دفتر میں منعقدہ بریفنگ میں یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جس میں درپیش مسائل،جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے اہداف زیرِ بحث آئے۔
وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کےلیے حکومت کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع مردان کی قیادت بھی موجود تھی جن میں رکن صوبائی اسمبلی جمشید مومند اور صدر مسلم لیگ (ن) مردان ایڈووکیٹ عنایت شاہ باچا شامل تھے۔









