اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)ملک سیاسی تاریخ کا درخشندہ ستارہ عبدالرحمن ملک بھی دنیا سے کوچ کر گئے ‘1951 میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ‘اصل نام عبدالرحمان ملک تھا ‘ سیاست میں آنے سے قبل ایف آئی اے میں تھے‘سرکاری ملازمت سے مستعفی ہوکر سیاست میں قدم رکھا ‘شمار بے نظیر کے انتہائی قابل اعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا‘2007 میں بے نظیر بھٹو کی سیکیورٹی کی ذمہ داری رحمان ملک کو تفویض کی گئی ‘2008 میں وفاقی وزیر داخلہ بنے‘کراچی یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا ۔
تفصیلات کے مطابق 1951 میں سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے عبدالرحمان ملک سیاست میں آنے سے قبل ایف آئی اے میں تھے۔بے نظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں رحمان ملک ایف آئی اے کے اہم عہدے پر فائز تھے۔بعد ازاں انہوں نے سرکاری ملازمت سے مستعفی ہوکر سیاست میں قدم رکھا تھا۔رحمان ملک کا شمار بے نظیر بھٹو کے انتہائی قابل اعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔
2007 میں وطن واپسی کے بعد بے نظیر بھٹو کی سیکیورٹی کی ذمہ داری رحمان ملک کو تفویض کی گئی تھی۔2008 میں پیپلز پارٹی کی حکومت بننے کے بعد رحمان ملک وفاقی وزیر داخلہ بنے۔2008 سے 2013 کے درمیان سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی اتحاد کو برقرار رکھنے میں ان کا کردار انتہائی اہم تھا۔رحمان ملک کو کراچی یونی ورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا گیا تھا۔
رحمن ملک کو ان کی ملک و قوم کی بہترین خدمات انجام دینے پر ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ چند ماہ قبل رحمان ملک کورونا کا شکار ہوئے تھے، جس سے ان کے پھیپھڑے شدید متاثر ہوئے تھے۔رحمان ملک کئی روز سے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات خالق حقیقی سے جاملے۔ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی قیادت نے رحمان ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔








