اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں، مالی نظم و ضبط اور بیرونی شعبے کے بہتر انتظام کا نتیجہ ہے۔
جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ستمبر 2026 میں پاکستان کے زر مبادلہ کے مجموعی ذخائر تقریبا 26.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئے،سٹیٹ بینک کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں،یہ اضافہ معاشی استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور معاشی ٹیم نے ملک کو معاشی استحکام کی جانب واپس لانے کے لیے مشکل فیصلے کیے۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان کے پاس ماضی کے مقابلے میں کہیں مضبوط زرمبادلہ بفر موجود ہے،وزیراعظم اور معاشی ٹیم نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے خدشات سے نکال کر استحکام کی جانب گامزن کیا،پاکستان معاشی استحکام کی جانب درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ انشا اللہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی اور ملک آگے بڑھے گا۔









