ہمایوں اختر

زرعی صارفین کیلئے بجلی کاٹیرف 46 روپے 83 پیسے تک پہنچ جانا تشویش کا باعث ہے ‘ ہمایوں اختر

فیصل آباد/تاندلیانوالہ (رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ زرعی صارفین کیلئے بجلی کاٹیرف 46 روپے 83 پیسے تک پہنچ جانا تشویش کا باعث ہے اور اس سے کسان کی کمر ٹو ٹ جائے گی ،صرف بیان بازی پر اکتفا نہ کیا جائے اب زرعی ٹیوب ریلوں کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے عملی پیشرفت نا گزیر ہو چکی ہے ،حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم سمیت ہنر سکھانے کیلئے دیہی علاقوں پر بھی توجہ مرکوز کرے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این اے 97کے عمائدین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں حلقے کے دیرینہ مسائل اور ان کے حل کیلئے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں ۔

سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تاندلیانوالہ ،کنجوانی اورماموں کانجن سمیت متعدد علاقوں کو دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہاں محرومیوں کے ڈیرے ہیں ۔ ہم ہر علاقے میں مسائل کی نشاندہی کر کے بلا تفریق آواز بلند کریں گے اور حالات بدلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کے نوجوان با صلاحیت ہیں لیکن انہیں وہ مواقع میسر نہیں جو بڑے شہروں میں رہنے والوں کو حاصل ہیں،حکومت دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو بھی اپنی پالیسیوں کا حصہ بنائے ، نوجوانوںکو کاروبار شروع کرنے کیلئے بلا سود قرضے دئیے جائیں،اسی طرح چھوٹی گھریلو صنعتوں کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔