شاہ رخ خان

ریلیز کے 10 روز میں ہی جوان کے پروڈیوسر کا سیکوئل بنانے کا اعلان

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بھارتی فلم ساز ایٹلی نے اپنی فلم جوان کی کامیابی کے بعد اس کا سیکوئل بنانے کا بھی اعلان کردیا۔ واضح رہے کہ 7 ستمبر کو نمائش کیلیے پیش کی جانے والی کرپشن کی کہانی پر مبنی فلم ‘جوان’ میں شاہ رخ خان نے وکرم راٹھور کا مرکزی کردار نبھایا ہے۔

فلم کی ریلیز کو 10 روز گزر چکے ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق اس نے اب تک 400 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس بھی کرلیا ہے۔اسکی شاندار کامیابی کو دیکھتے ہوئے فلم ساز ایٹلی بھی خوشی سے پھول گئے اور کہا کہ وہ اب فلم کا سیکوئل بنائیں گے۔ ایک بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹ کو انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں ایٹلی کا کہنا تھا کہ کردار وکرم راٹھور انکا ہیرو ہے، وہ اس کردار کے ساتھ فلم کا سیکوئل بنانے کے خواہشمند ہیں۔

ایٹلی کا کہنا تھا کہ انہیں ایک مضبوط والد کے کرداروں کو لکھنا پسند ہے اور یہ انکی فلموں میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکی ہر فلم کا اختتام کرداروں کے ایک نئے عزم کے ساتھ ہوتا ہے، لیکن کبھی اس طرح سیکوئل کے بارے میں نہیں سوچا، ہاں البتہ جوان کے معاملے میں اگر کوئی عمدہ کہانی آتی ہے تو اس میں اس کا سیکوئل ضرور بناؤں گا۔