لاہور(رپورٹنگ آن لائن) نگران وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے ریلوے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کر کے اجلاس کی صدارت کی ۔
اس موقع پر ریلوے افسران کی جانب سے وزیر ریلوے کو کراچی تا پپری فریٹ کورریڈور منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ منصوبے کے مختلف آپشنز اور تکنیکی پہلوئوں پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں اکتوبر میں بڈنگ کا عمل مکمل کرنے اور31دسمبر تک معاہدے کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں وزیر ریلوے کو مال گاڑیوں سے آمدن بڑھانے کا بزنس پلان پیش کیا گیا جبکہ وزیر ریلوے نے گاڑیوں سے مال اتارنے کے مقامات بڑھانے کے لئے رپورٹ طلب کر لی ۔ اجلاس میں ریلوے کے زیر انتظام ہسپتالوں کی خدمات آئوٹ سورس کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ۔
اجلاس میں ریلوے کے تمام ہسپتال مرحلہ وار عام عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔