محمد جاوید قصوری 20

روزہ انسان کو تقویٰ، صبر اور استقامت کا درس دیتا ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ روزہ محض بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ برائیوں کے خلاف ایک مضبوط ڈھال ہے جو انسان کو تقویٰ، صبر اور استقامت کا درس دیتا ہے،رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہمیں اپنی اصلاح کے ساتھ ساتھ معاشرے کی بہتری کے لیے بھی کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھاکہ روزہ انسان کے اندر برداشت، حلم اور قوتِ ارادی پیدا کرتا ہے۔ جب ایک مسلمان دن بھر اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنی جائز خواہشات کو ترک کر سکتا ہے تو وہ یقیناً معاشرتی برائیوں، ناانصافی اور بدعنوانی کے خلاف بھی ڈٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم نہ صرف اپنی ذات کی اصلاح کریں بلکہ اپنے اردگرد موجود لوگوں کی مشکلات کو بھی محسوس کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کے دور میں سفید پوش اور مستحق خاندان شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

ایسے حالات میں صاحبِ حیثیت افراد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دل کھول کر اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں کی مدد کریں۔ زکوٰة، صدقات اور خیرات کی ادائیگی کے ذریعے معاشرے میں توازن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔الخدمت فاونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے ۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے محلوں، گلیوں اور قریبی رشتہ داروں میں ایسے افراد کو تلاش کریں جو خاموشی سے مشکلات برداشت کر رہے ہیں۔ ان کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کی معاونت کرنا ہی حقیقی اسلامی تعلیمات کا تقاضا ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اجتماعی سطح پر فلاحی سرگرمیوں کو منظم کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک ریلیف پہنچایا جا سکے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ رمضان المبارک ہمیں اتحاد، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ اگر ہم اس مہینے کے پیغام کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کر لیں تو معاشرہ امن، محبت اور انصاف کا گہوارہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کارکنان اور ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور مستحقین کی مدد کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں تاکہ حقیقی معنوں میں رمضان کی برکات سمیٹی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں