اسلام آباد/لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے موثر اور جامع پالیسیاں نا گزیر ہیں ،روایتی حریف سمیت دیگر ممالک ہاتھ سے بنے قالینوں کی پاکستانی صنعت کو درپیش مشکلات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں جس کے باعث پاکستانی مصنوعات عالمی منڈیوں میں مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو رہی ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برآمدی مصنوعات معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ،تمام برآمدی شعبوں کے ساتھ یکساں کی بجائے امتیازی سلوک برتا جارہا ہے ۔
پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات دنیا بھر میںمنفرد پہچان رکھتی ہیں لیکن مشکلات کے باعث اس پہچان کو بر قرار رکھنا مشکل تر ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے کاروبار کرنے والے لوگ اس صنعت کی زبوں حالی پر شدید پریشان ہیں اور حکومت سے صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ اس صنعت کی سرپرستی کی جائے تاکہ دنیا میں پاکستان کی پہچان سمجھی جانے والی یہ صنعت چلتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ڈیزائنوں میں جدت اور معیار میں مزید بہتر ی لانے کے لئے کاوشیں کر رہا ہے لیکن حکومت کو چاہیے کہ وہ نہ صرف مصنوعات کی مارکیٹنگ ، تشہیر اور نئی منڈیوں کی تلاش کیلئے اقدامات کرے بلکہ اس صنعت کو مقامی سطح پر اور برآمدات میں درپیش مشکلات کو بھی دور کیا جائے کیا جائے ۔








