کراچی(رپورٹنگ آن لائن)عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)نے ریجنل اکنامک آئوٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2024 کے اختتام پر پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 2.6 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال 2025 میں یہ شرح 3.6 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2024 کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان کو کمزور معاشی سرگرمیوں اور غیر یقینی تجارتی حالات کا سامنا رہا، تاہم مہنگائی میں کمی اور مانیٹری پالیسی میں نرمی سے معیشت میں بہتری کے آثار پیدا ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شرح سود میں 550 بیسس پوائنٹس کی کمی مہنگائی میں کمی کے بعد ممکن ہو سکی، جو مالیاتی استحکام کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔آئی ایم ایف نے یاد دلایا کہ اکتوبر 2023 میں جاری پیش گوئی میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.2 فیصد بتائی گئی تھی، جو اب تازہ تخمینے میں 2.6 فیصد کی سطح پر لائی گئی ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ 2020 سے اب تک پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے لیے مجموعی طور پر 49 ارب ڈالر کے قرضے منظور کیے جا چکے ہیں۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ وہ پالیسی مشاورت اور مالی معاونت کے ذریعے خطے کے ممالک کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتا رہے گا، جبکہ پاکستان کی مالی سال 2025 میں اقتصادی نمو مستحکم رہنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔