لاہور( رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے حکومت کی جانب سے مقدس مہینے رمضان المبارک کے آغاز سے محض ایک ہفتہ قبل پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عوام پر مہنگائی کا ایک اور بڑا وار ہے،
پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے یوٹیلیٹی بلوں نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو گا،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگا بلکہ اشیائے خوردونوش سمیت روزمرہ استعمال کی تمام چیزیں مہنگی ہو جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے سے قبل قیمتوں میں اضافے کا مطلب یہ ہے کہ غریب اور متوسط طبقہ سحر و افطار کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں بھی مشکلات کا شکار ہو جائے گا۔ اس فیصلے کے بعد ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز مزید متحرک ہو جائیں گے اور مصنوعی قلت پیدا کر کے عوام کا استحصال کریں گے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، ہمدردی اور غریبوں کے ساتھ تعاون کا درس دیتا ہے، لیکن حکومت کے حالیہ اقدامات عوام کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محض ڈنگ ٹپائو اور دکھاوے کے اقدامات سے کچھ نہیں ہوگا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت واقعی میں رمضان پیکیج کے تحت آٹا، چینی، گھی، دالیں اور دیگر ضروری اشیا پر سبسڈی فراہم کرے تاکہ عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے اور رمضان سے قبل اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کرے۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا جائے، بازاروں میں مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو مہنگائی کا طوفان لاکھوں خاندانوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دے گا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دلانے کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔








