لاہور ہائی کورٹ 13

رقم کی ادائیگی کا مقدمہ بحال ہونے کیخلاف شہری کی درخواست مسترد

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائی کورٹ نے رقم کی ادائیگی سے متعلق مقدمہ بحال ہونے کے خلاف دائر کی گئی شہری کی درخواست مسترد کر دی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید احسن رضا کاظمی نے درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی جانب سے مقدمہ بحال کرنے کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔

جسٹس سید احسن رضا نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ سمجھوتے کے بعد اس پر عمل نہ کیا جائے تو مقدمہ دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے، ذمے داری تسلیم کرنے والا فریق بعد میں تکنیکی اعتراض اٹھا کر مقدمے سے نہیں بچ سکتا، مدعی نے1 کروڑ 33 لاکھ روپے کی وصولی کے لیے چیکس کی بنیاد پر مقدمہ دائر کیا تھا، مقدمہ زیر سماعت ہونے کے دوران فریقین کے درمیان عدالت میں سمجھوتا ہو گیا تھا، سمجھوتے کے مطابق درخواست گزاروں نے 9 اقساط میں ادا کرنے کی ذمے داری قبول کی تھی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ عدالت نے اس سمجھوتے کی بنیاد پر مقدمہ داخل دفتر کر دیا تھا،

ریکارڈ کے مطابق درخواست گزاروں نے پہلی قسط ادا کی مگر باقی ادا نہ کیں، ادائیگی نہ ہونے پر مدعی نے ٹرائل کورٹ میں مقدمہ دوبارہ بحال کرنے کی درخواست دائر کی، ٹرائل کورٹ نے عدم ادائیگی کی بنیاد پر مقدمہ دوبارہ بحال کرنے کی درخواست منظور کی۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کے مطابق جزوی ادائیگی کے بعد مقدمہ بحال نہیں ہو سکتا، درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ جزوی ادائیگی کے بعد مقدمہ سول عدالت میں جانا چاہیے، جبکہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں کوئی قانونی خرابی یا بے ضابطگی ثابت نہیں ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں