گورنر پنجاب چوہدری سرور

راولپنڈی پولیس شہریوں کو کورونا سے بچانے کیلئے مستعدی کے ساتھ خدمات سرانجام دے رہی ہے،گورنر پنجاب

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے لاک ڈاؤن کے علاقوں میں مستعدی کے ساتھ خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

انہوں نے سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس کے کردار کو سراہا اور کہا کہ آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک کی قیادت میں راولپنڈی پولیس سنگین جرائم کی بیخ کنی اسٹریٹ کرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کے صحیح تصور کو اجاگر کرتے ہوئے شہریوں کی فوری مدد کے لیے ہنگامی حالات میں پولیس کا رسپانس حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے یہ بات پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں آر پی او راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی کی طرف سے ایک بریفنگ کے دوران کہی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پولیس کو جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر فری ہینڈ دیا گیا ہے اور سیاسی عدم مداخلت کی وجہ سے پولیس کا ادارہ مستحسن انداز میں اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے اور پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے پی او آفس راولپنڈی کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا بہتر حکمت عملی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کی شکایات کے ازالے میں مدد مل رہی ہے۔