سید یوسف رضا گیلانی 19

ذوالفقار علی بھٹو عہد ساز اور عوام دوست رہنما تھے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سابق وزیرِ اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عہد ساز اور عوام دوست رہنما تھے، انہوں نے جمہوری و دفاعی بنیادیں مضبوط کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید نے 1973 کامتفقہ آئین دے کر جمہوریت اور عوامی حقوق کو نئی سمت دی، بھٹو شہید نے عوام کو طاقت کا سرچشمہ بنایا اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا، شہید بھٹو کی قیادت نے پاکستان کو خودانحصاری اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جبکہ ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنا بھٹو شہید کا تاریخی کارنامہ ہے جس سے قومی سلامتی مضبوط ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو شہید کی خارجہ پالیسی نے پاکستان کو عالمی سطح پر باوقار مقام دلایا، کسانوں، مزدوروں اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے بھٹو شہید کی جدوجہد ناقابلِ فراموش ہے جبکہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت اور خواتین کے حقوق کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا آصف علی زرداری نے جمہوری روایات کو مستحکم اور پارلیمانی نظام کو تقویت دی، بلاول بھٹو زرداری نوجوان قیادت کے طور پر جمہوری اقدار کے فروغ میں متحرک ہیں، پیپلز پارٹی کی جمہوریت کے لیے قربانیاں ملکی تاریخ کا روشن باب ہیں تاہم بھٹو شہید کے نظریات پر عمل ہی مضبوط، خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں