بلاول بھٹو

دیوالی کا تہوار روشنی اور خوشی کی علامت ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دیوالی کا تہوار روشنی اور خوشی کی علامت ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دیوالی اندھیروں پر روشنی اور برائی کے خلاف اچھائی کی فتح کا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بین المذاہب رواداری، بھائی چارے، ہم آہنگی اور اتحاد میں یقین رکھتی ہے، قائد عوام شہید بھٹو کے دیے آئین میں اقلیتوں کو یکساں حقوق دیے گئے اور شہید محترمہ نے زندگی بھر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی کے لیے جدوجہد کی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری نے بطور صدر ہر سال 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن منانے کا آغاز کیا اور پیپلز پارٹی نے اسمبلیوں کی جنرل سیٹوں پر اقلیتی برادری کے جیالوں کو ٹکٹ دیا

۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم نے نہ صرف ہندو برادری کے جیالوں کو امیدوار بنایا بلکہ انہیں بھاری اکثریت سے جتوایا۔انہوں نے کہا کہ عہد کریں ہم سب مل کر پاکستان میں نفرت اور تقسیم کے اندھیروں کو شکست دیں گے، عہد کریں خوشحالی و مساوات کے دیے جلا کر وطن کو دنیا میں روشنیوں کا مرکز بنائیں گے۔
٭٭٭٭٭