دیامیر بھاشا ڈیم

دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر ،پاک فوج کے120 دستے تعینات کرنے کی منظوری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 442 ارب کی لاگت سے تعمیر ہونے والے دیا میر بھاشا ڈیم اور حساس مقامات کی حفاظت کیلئے سکیورٹی بڑھانے کی منظوری دیدی ہے ۔

وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے ضلع دیا میر میں دسمبر 2020تک پاک فوج کے 120دستے تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی،ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے آئین کے آرٹیکل245کے تحت فوج طلب کرنے کی درخواست وزارت داخلہ کو بھجوائی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے زمین کے حصول کے دوران اور قراقرم ہائی وے پر تھریٹ الرٹ موصول ہوئے تھے ،

بھارت سمیت دشمن ملک عناصر دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے سخت مخالف ہیں اور گلگت بلستان سے کئی بھارتی جاسوس پکڑے جاچکے ہیںاس لئے پاک فوج کے اضافی دستوں کی تعیناتی ضروری ہے تا کہ دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔وفاقی حکومت نے درخواست پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے دیامیر بھاشا ڈیم کی حفاظت کیلئے پاک فوج کے دستوں کی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے ۔