خواجہ آصف 68

دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں، پاکستان خطے میں پائیدار امن کیلئے پرعزم ہے، وزیر دفاع

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور تمام مذاہب امن کا درس دیتے ہیں۔ وہ یہاں منعقدہ بین الاقوامی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

یہ تقریب اسلامک ملٹری کانٹر ٹیررازم کولیشن(آئی ایم سی ٹی سی )کے زیر اہتمام منعقد کی گئی جس کا عنوان بحالی اور سماجی دوبارہ شمولیت تھا۔ پانچ روزہ اس بین الاقوامی اقدام کا مقصد دہشت گردی سے متاثرہ افراد کی نفسیاتی بحالی، نظریاتی اصلاح اور انہیں دوبارہ معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے ماہرین کی نگرانی میں تربیت فراہم کرنا ہے۔ وزیر دفاع نے اپنے خطاب میں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف طویل جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے،

اس جنگ میں پاکستان نے 90,000سے زائد قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور تقریبا 155 ارب ڈالر کا مالی نقصان اٹھایا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی افواج اور عوام کی قربانیاں عالمی امن و استحکام کے لیے ہماری غیر متزلزل وابستگی کا ثبوت ہیں۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے بغیر پائیدار امن اور معاشی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے ری ہیبی لیٹیشن(بحالی)کو انسدادِ دہشت گردی کی حکمت عملی کا ایک اہم ستون قرار دیا جس کے ذریعے انتہا پسندانہ بیانیے کو جڑ سے ختم کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں