لاہور ہائی کورٹ 65

دو چار ڈی سیز کو ہتھکڑیاں لگوانا پڑیں گی تو شاید حالات ٹھیک ہو جائیں، لاہور ہائیکورٹ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ دو چار ڈی سیز کو ہتھکڑیاں لگوانا پڑیں گی تو شاید حالات ٹھیک ہو جائیں۔عدالتی حکم کے باوجود قبضہ واپس نہ دلوانے کے کیس میں ڈی سی گجرات کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی، جہاں عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔عدالت نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ لگتا ہے ایسے کیسوں کی سماعت کے لیے اسپیشل بینچ بنانا پڑے گا۔ ایسے لوگوں کو گرفتار کریں گے تو حالات شاید ٹھیک ہو جائیں۔ لگتا ہے دو چار ڈی سیز کو ہتھکڑیاں لگوانا پڑیں گی۔

عدالت نے ڈی سی کی جانب سے وکلا کے پیش ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔جسٹس سلطان تنویر احمد کے روبرو ڈنگہ گجرات کے حاجی محمد صادق کی درخواست پر سماعت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لاہورہائیکورٹ نے جائیداد کا قبضہ واپس دلوانے کا حکم دیا، ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ نے حکومت کی اپیل مسترد کردی۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزار کو قبضہ واپس نہیں دلوایا جا رہا۔ عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرکے ڈی سی نے توہین عدالت کی ہے۔ عدالت ڈی سی گجرات کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں