عبدالعلیم خان 68

دو تین ماہ میں سکھر حیدرآباد موٹروے پر کام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں’عبد العلیم خان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ دو تین ماہ میں سکھر حیدرآباد موٹروے پر کام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جو دو سال میں مکمل ہو گی ،ایک سال میں سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے بھی مکمل ہو جائے گی، بابا گرو نانک ایکسپریس وے کا آغاز بھی رواں سال کرنے جا رہے ہیں۔شیخوپورہ میں موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں 12 ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر تقریب سے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے پولیس کو عملی طور پر رول ماڈل بن کر سامنے آناچاہیے، پولیس ٹریننگ مینجمنٹ،قومی شاہراہوں کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال ہوگی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک بھر میں سڑکوں، شاہراہوں کا جال بچھانے والے این ایچ اے نے تاریخی کامیابی حاصل کی، جون 2024میں این ایچ اے کا کل ریونیو66.8ارب روپے تھا، ایک سال میں جون 2025تک یہ اضافہ 109ارب روپے تک پہنچ چکا، اس سال 135ارب روپے سے زائد ریونیو اکٹھا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ تین ماہ میں سکھر حیدرآباد موٹروے پر کام کا آغاز کرنے جارہے ہیں، حیدرآباد سے کراچی بندرگاہ تک موٹروے کو ملایا جائے گا، 2 سال کے اندر سکھرحیدرآباد موٹروے مکمل کریں گے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹرویز کو آزادکشمیر، گلگت بلتستان تک ملائیں گے،لاہور سے اسلام آباد کا سفر ڈھائی گھنٹے میں ہوگا، سیاحت کیلئے انتہائی اہم موٹروے پر کام کررہے ہیں، موٹروے کو کاغان، ناران، بابوسرٹاپ تک لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی اور علاقائی سیاحت کیلئے بابا گورونانک ایکسپریس وے بنارہے ہیں، پاکستان سے باہر باباگورونانک ایکسپریس وے کاروڈشوکریں گے، سکھ برادری باباگورونانک ایکسپریس وے میں سرمایہ کاری کرے گی، باباگورونانک ایکسپریس وے کا آغاز رواں سال ہوگا۔وفاقی وزیر عبد العلیم خان نے کہا کہ موٹرویز کاڈیجیٹلائز ہونا ضروری ہے، ایک سال کے دوران90فیصد ایم ٹیگ استعمال ہوا، موٹرویزپرعنقریب بیریئر فری ٹول پلازے ملیں گے، ٹول پلازوں پر لمبی قطاروں کا خاتمہ ہوگا، گاڑیاں بغیررکے گزریں گی، ملک بھر کے موٹرویزپرہیلی کاپٹر سے مریض ریسکیو کیے جاسکیں گے، آپریشنل ضروریات کے مطابق موٹرویپولیس کووسائل دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں