لاہور (رپورٹنگ آن لائن)دی فنیشر کا لقب پانے والے جنوبی افریقی کرکٹر ڈیوڈ ویسا نے کہاہے کہ میرے کرکٹ کیرئیر میں ایک نئی روح پھونکنے پر ہمیشہ لاہور قلندرز کا شکرگزار رہوں گا۔لاہور قلندرز کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈیوڈ ویسا نے کہا کہ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی سے خوداعتمادی بڑھی ہے، جب سے میں نے لاہور قلندرز کو جوائن کیا ہے میرے لیے ہر چیز اچھی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں میرا کیرئیر دوبارہ سے شروع کرنے میں پی ایس ایل پرفارمنس کا کردار اہم ہے، میں کہیں بھی اچھی کرکٹ نہیں کھیل رہا تھا مگر پھر بھی لاہور قلندرز نے مجھ پر بھروسا کیا۔کرکٹر نے کہا کہ لاہور قلندرز نے مجھے پی ایس ایل میں موقع دے کر مجھ پر اعتماد کیا، خوش قسمتی سے میں نے پہلے ہی میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اب دنیا میں جتنے بھی ٹورنامنٹ کھیل رہا ہوں سب لاہور قلندرز کی وجہ سے ہے۔