سید یوسف رضا گیلانی 30

دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تعصب کوختم کرنے کے لئے مشترکہ اقدامات کئے جائیں، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت، تعصب اور امتیازی رویوں کے تدارک کے لیے مشترکہ اقدامات کئے جائیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مختلف معاشروں میں اسلاموفوبیا کا تسلسل مساوات، انسانی وقار اور مذہبی آزادی کے ان بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچا رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر میں درج ہیں۔

انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں اور عبادت گاہوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر، امتیازی سلوک اور حملوں کے واقعات سامنے آ رہے ہیں جو پرامن بقائے باہمی اور سماجی ہم آہنگی کے لیے ایک سنگین چیلنج ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو امن اور انصاف کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان برداشت اور باہمی احترام کا فروغ عالمی استحکام اور ہم آہنگی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے حکومتوں، پارلیمانوں، بین الاقوامی تنظیموں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ مذہبی عدم برداشت کے خاتمہ اور تمام برادریوں کے حقوق و آزادیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی، پالیسی اور ادارہ جاتی اقدامات کو مضبوط بنائیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے بین المذاہب ہم آہنگی، تمام مذاہب کے احترام اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پاکستان کے اصولی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنا پوری عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ باہمی تفہیم، شمولیت اور تنوع کے احترام کے فروغ کے لئے اجتماعی کوششیں کی جائیں تاکہ ایک زیادہ پرامن اور منصفانہ دنیا کی بنیاد رکھی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں