کراچی(رپورٹنگ آن لائن) افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم دباؤ کا شکار نہیں اور ہم اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں،چیمپئنز ٹرافی کا تیسرا میچ کراچی میں جمعہ کو افغانستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے پر ہے، ہماری ٹیم جمعہ کو میچ کیلئے تیار ہے ماضی کے برعکس ہماری کارکردگی میں بڑی تیزی سے تبدیلی آئی ہے۔
افغانستان ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میڈیا میں دکھایا جاتا ہے ہمارے پاس سہولیات نہیں ہیں لیکن ایسا بالکل نہیں ہے کہ ہمارے پاس اکیڈمیز اور اسٹیڈیم موجود ہیں، ہمارے کچھ سکیورٹی مسائل ہیں جب ہی ٹیمیں افغانستان نہیں آتیں.
امید ہے جلد ٹیمیں افغانستان آئیں گی۔حشمت اللہ نے کہا کہ ہمارے ڈومیسٹک میچز میں گراؤنڈ مکمل بھرے ہوئے ہوتے ہیں، جب انٹرنیشنل ٹیمیں آئیں گی تو ان کو معلوم ہوگا کہ ہمارے لوگ کرکٹ سے کتنا پیار کرتے ہیں، یہاں بہت سے افغان رہتے ہیں، پشتون لوگ بھی ہمیں سپورٹ کرتے ہیںانہوںنے کہاکہ پریکٹس کے دوران بھی لوگوں نے ہمارے لیے نعرے لگائے، یہ سپورٹ دیکھ کر کافی خوشی ہوتی ہے.
بطور کھلاڑی ہمارا کام میچ کھیلنا ہے، باہر کیا باتیں ہورہی ہیں ہم اس کے بارے میں کچھ نہیں کرسکتے، ہم اچھا کھیل رہے ہیں اور ہماری پرفارمنس سب کے سامنے ہے، ہم اسپورٹس مین ہیں باہر کیا باتیں ہورہی ہیں ہمیں معلوم نہیں، ہمارا ہدف فائنل جیتنا ہے۔
افغان کپتان نے کہا کہ ہم گزشتہ 2 سال سے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہمارا فوکس صرف کرکٹ پر ہے، ہم پہلی بار یہاں نہیں کھیل رہے اس سے پہلے بھی یہاں کھیلے ہیں ، وارم اپ میچ کا مقصد تیاری تھا، ہم مین میچز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور بطور کپتان میں پْر امید ہوں کہ ہم اچھا کھیلیں گے، ہم اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔