فیصل کریم کنڈی

خیبر پختونخوا میں سیاحوں کو کوئی سہولیات میسر نہیں ہیں ،فیصل کنڈی

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے مسائل خود حل کرنا ہوں گے، حالیہ بھارتی جارحیت میں پاکستان نے نہ صرف جنگی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہر میدان میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی سفارتی وفد نے بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں ملک کا مؤقف پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز دورہ پری پور کے دوران ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا.

تقریب میں صدر ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز شہباز خان نیازی، تحصیل چئیرمین ہری پور سمیع اللہ خان، ایم۔ڈی سید اسلامیہ سکول اینڈ کالج سید سکندر منصور شاہ کے علاوہ ہری پور چیمبر اف کامرس کے ممبران و عہدیداران کی بڑی تعداد شریک تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بھارتی جارحیت ہمارے لیے ایک بڑا امتحان تھا جس کا پاک افواج نے بھرپور اور منہ توڑ جواب دے کر ایک نئی مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی میدان میں بھی پاکستان کی فتح ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر اس امر پر فخر کا اظہار کیا کہ پہلی مرتبہ ایک پاکستانی فیلڈ مارشل کو امریکی صدر نے مہمان نوازی کا شرف بخشا، جو کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سفارتی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ انہوں نے وفاقی حکومت کو تجویز دی ہے کہ سیکیورٹی فورسز، پولیس اور لیویز کے شہدا کے ورثا کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کارڈز جاری کیے جائیں تاکہ انہیں مالی مدد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے میڈیا نے عالمی دنیا کو بہترین پیغام پہنچایا اور ثابت کیا کہ پاکستانی قوم مشکل وقت میں متحد رہتی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے ملکی معیشت کے استحکام میں تاجر برادری کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ حکام کیساتھ بات چیت کر رہے ہیں.

گورنر نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا سیاحت کے لحاظ سے موزوں صوبہ ہے، مذہبی سیاحت کے بھی بے پناہ مواقع دستیاب ہیں اور ملک بھر سمیت بیرون ملک کے سیاح خیبر پختونخوا آتے ہیں. لیکن حالیہ سوات جیسے حادثات کی وجہ سے سیاح صوبہ میں آنے سے گریز کرتے ہیں، صوبائی حکومت کو سیاحتی علاقوں میں نہ صرف سہولیات کی فراہمی یقینی بنانی ہوگی بلکہ سیاحوں کو حفاظت کیلئے بھی اقدامات اٹھانے ہوں گے.

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحوں کو کوئی سہولیات میسر نہیں ہیں گزشتہ 12 سال سے صرف بیان بازی کی سیاست کی جا رہی ہے، سانحہ سوات پر وزیراعلی کو مستعفی ہو جانا چاہئے۔