اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے افغانی فورسز کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ تحمل سے کام لیا ہے .
مگر وہ اپنی خودمختاری اور اپنے شہریوں کی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی بہادر فورسز نے فوری اور موثر ردِعمل سے ثابت کر دیا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ افغان فورسز کا یہ عمل بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور خطے میں امن و امان کے لیے براہِ راست خطرہ ہے ۔
افغانی فورسز کی جانب سے شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی اصولوں اور انسانی ہمدردی کے ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔محسن نقوی نے افغان طالبان اور بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک وطن کے 23 بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ افغان طالبان اور بھارتی سرپرستوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے والے سکیورٹی فورسز کے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔