اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملکی آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے، اس لئے خواتین کی معاشی و سیاسی شمولیت ملکی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ خواتین کے قومی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواتین اراکین قانون سازی میں فعال اور موثر کردار ادا کر رہی ہیں، ویمن پارلیمنٹری کاکس خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے، پارلیمان خواتین کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے اہم قانون سازی کر رہی ہے، بچیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے خواتین کو با اختیار بنانا ضروری ہے، پاکستان کی ترقی میں خواتین کا کلیدی کردار قابل تحسین ہے، فاطمہ جناح اور بینظیر بھٹو سمیت خواتین رہنمائوں کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں، مریم نواز نے کارکردگی سے ثابت کیا کہ خواتین ہر شعبے میں قیادت کر سکتی ہیں،تعلیم، صحت اور معیشت میں پاکستانی خواتین کی نمایاں خدمات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کیلئے مساوی مواقع اور محفوظ ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔








