اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے چیئرمین کشمیر کمیٹی اور ممبر قومی اسمبلی رانا قاسم نون،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور وزیر مملکت ملک رشید احمد خان نے اسلام آباد میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں ملک کی موجودہ سیاسی و قومی صورتحال، درپیش چیلنجز اور ملکی استحکام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کو اس وقت انتہائی نازک اور پیچیدہ صورتحال کا سامنا ہے جبکہ سارا خطہ غیر یقینی حالات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر یکجہتی اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک افواج سرحدوں پر درپیش حالات سے بخوبی نمٹ رہی ہیں اور قوم کو اپنے سپہ سالار اور بہادر افواج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور وزیر مملکت ملک رشید احمد خان نے بھی وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور باہمی تعاون کو موجودہ حالات میں ناگزیر قرار دیا۔ملاقاتوں میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی وحدت، ذمہ دارانہ طرزِ سیاست اور اجتماعی دانشمندی ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔








