رانا ثناء اللہ 14

خان صاحب کی صحت پر سیاست نہ کریں،رانا ثناء اللّٰہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ خان صاحب کی صحت پر سیاست نہ کریں، ایسا کوئی معاملہ نہیں کہ 4 ماہ غفلت کی گئی، یہ کہنا غلط ہے کہ 4 ماہ سے شکایت کی جا رہی تھی، بانی پی ٹی آئی کا جیل کے ڈاکٹر ہر دوسرے دن چیک اپ کرتے ہیں۔

سینیٹ کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا 25 مرتبہ باہر سے ڈاکٹرز نے چیک اپ کیا، جب بھی شکایت کی ان کا چیک اپ ہوا۔مسلم لیگ (ن )کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے اپوزیشن کو پیغام میں کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی نے جنوری میں بات کی تو فوری طور پر انہیں علاج کی سہولت دی گئی، انہوں نے سپریم کورٹ میں درخواست نہیں دی کہ نجی ہسپتال داخل کیا جائے، حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جس ڈاکٹر سے بانی پی ٹی آئی کہیں ان کا چیک اپ ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل کے ڈاکٹر نے ڈراپس دئیے جن کا انہوں نے 3، 4 دن استعمال کیا، بانی پی ٹی آئی کا 16 جنوری کو معائنہ ہوا، 19 جنوری کو ٹیم نے ان کا دوبارہ معائنہ کیا اور ان کے ٹیسٹ کیے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ 24 جنوری کو بانی پی ٹی آئی کو انجکشن لگایا گیا، یہ چیزیں ڈاکومنٹ پر موجود ہیں۔سینیٹ کے اجلاس میں قائدِ حزبِ اختلاف راجہ ناصر عباس نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ صاف واضح ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کیس میں لاپروائی ہوئی۔اپوزیشن لیڈر کے اظہارِ خیال کا جواب دیتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اس غفلت کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا، ایسا ہوا ہے اور جنہوں نے ایسا کیا ہے تو وہ مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ تھا، اگر حقائق برعکس ہوں تو اس کو سیاست کے لیے آگے بڑھانا بھی مجرمانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا دعویٰ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اس کی شکایت جنوری کے پہلے ہفتے میں کی، انہیں جیل کے ڈاکٹر نے ڈراپس دیے جس کا انہوں نے تین چار دن استعمال کیا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ یہ چیزیں ڈاکومنٹ پر موجود ہیں، اگر قائدِ حزبِ اختلاف کہیں تو ان کے حوالے کر دیتا ہوں، یہ کہنا غلط ہے کہ 4 ماہ سے شکایت کی جا رہی تھی، بانی پی ٹی آئی کا جیل کے ڈاکٹر ہر دوسرے دن چیک اپ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی بانی پی ٹی آئی نے شکایت کی ان کا چیک اپ ہوا، ان کا 25 مرتبہ باہر سے ڈاکٹرز نے چیک اپ کیا، 2 دسمبر کو ان کی بہن نے ان سے ملاقات کی، بانی پی ٹی آئی نے آنکھ کا ذکر بہن سے نہیں کیا، ان کی بہن نے کہا تھا کہ خان صاحب کی صحت باکل ٹھیک ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 دسمبر کو چیک اپ میں بانی پی ٹی آئی نے آنکھ کی شکایت نہیں کی،

جب انہوں نے جنوری میں بات کی تو فوری طور پر انہیں علاج کی سہولت دی گئی، تین چار ماہ کی بات کہنا تو سیاست ہے۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت، آنکھ کے مسئلے پر اپوزیشن بات کرنا چاہتی ہے، اس موضوع پر ضرور بات کریں، ایوان کا بزنس لے لیں، بلز منظور کر لیں پھر اس معاملے پر بات کر لیتے ہیں، میں صرف حقائق پر بات کروں گا، سپریم کورٹ میں حقائق سے معاملات کلیئر ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائش کی صورتِ حال پر اب کوئی ابہام نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں