حیدرآباد(رپورٹنگ آن لائن)حیدرآباد میں تھانہ ہٹڑی کی حدود میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف مبینہ طور پر غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرنے کے واقعے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔پی پی پی کی طلبہ تنظیم سپاف کے تنظیمی عہدیدار اظہر الدین تالپور کی درخواست پر ہٹڑی پولیس نے تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کے مطابق تھانہ ہٹڑی میں درج ایف آئی آر میں فریادی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایل یو ایچ میں انٹری ٹیسٹ کے موقع پر ویگو ڈالے میں سوار ایک نامعلوم شخص، جو دو گارڈز کے ہمراہ تھا، نے نہ صرف فریادی کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لئے غیر اخلاقی اور توہین آمیز الفاظ بھی استعمال کئے ۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بااثر نامعلوم افراد نے فریادی کو مغلظات بکیں، تھپڑ مارے اور پیپلز پارٹی کے پرچم زبردستی چھین کر اپنی گاڑی میں ڈاللئے، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگئے۔ہٹڑی پولیس نے اظہر الدین تالپور کی فریاد پر ایف آئی آر نمبر 403/2025 درج کرلی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 506/2، 504 اور 337-A(i) کے تحت اتوار کے روز درج کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور نامعلوم ملزمان کی شناخت کے لئے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔








