نیپرا کا فیصلہ

حکومت کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی دو درخواستوں پر نیپرا کا فیصلہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارتی (نیپرا) نے حکومت پاکستان کی جانب سے مالی سال 23ء کی پہلی اور چوتھی سہ ماہی کے لیے دائر کردہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ (کیو اے) کی دو درخواستوں پر فیصلہ کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے۔الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگا۔کے۔الیکٹرک کے مطابق نیپرا اور حکومت پاکستان طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دیتے ہیں اور ساتھ ہی اْس مدت کا بھی تعین کرتے ہیں، جس میں اسے صارفین پر بلوں کے ذریعے لاگو کیا جائے گا۔

کے۔الیکٹرک سمیت پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے کوئی تعلق نہیں اور اس میں اضافہ اور کمی میں ان کا کوئی کردار نہیں ہوتا۔22 ستمبر 2023 کے پہلے فیصلے میں نیپرا نے مالی سال 2022ـ23 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے دیگر ڈسکوز کے صارفین پر 3.28 روپے فی یونٹ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی ہے۔ وفاقی حکومت کی جاری کردہ پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سہ ماہی ایڈجسمنٹس کا اطلاق کے۔

الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔ حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اکتوبر 2023 سے مارچ 2024 تک چھ ماہ کی مدت کے لیے پورے ملک کے صارفین پر لاگو ہوگا۔کے۔الیکٹرک کے مطابق نیپرا کے فروری تا مارچ 2023 کی سہ ماہی کے لیے جاری کردہ فیصلے میں کیو اے کا اطلاق دیگر ڈسکوز اور کے۔الیکٹرک کے صارفین پر بھی کیا ہے، جس کے مطابق 300 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین پر 1.48 روپے فی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ لاگو کیا گیا ہے (علاوہ لائف لائن صارفین کے)۔

دیگر تمام رہائشی صارفین پر 3.21 روپے فی یونٹ اور دیگر تمام زمروں کے صارفین پر 4.45 روپے فی یونٹ لاگو کیا گیا ہے کچھ کمرشل اور زرعی صارفین کو چھوڑ کر، جن سے باالترتیب 2.68 روپے فی یونٹ اور 4.14 روپے یونٹ وصول کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹیفیکیشن کے اجرا کے بعد سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو صارفین سے اکتوبر اور نومبر 2023 کے بلوں کے ذریعے وصول کیا جائے گا۔